کوئٹہ: سرکاری رقم نکالنے کے الزام میں سابق چیف افسر سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ

159

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) محکمہ انسداد بدعنوانی بلوچستان نے میونسپل کمیٹی کوہلو میں جعلی دستخط کے ذریعے سرکاری رقم سے نکالنے کے الزام میں سابق چیف افسر محمد یوسف سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ضلع کوہلو کی شکایت پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبد الواحد کاکڑ نے ترقیاتی فنڈز میں خورد برد کے سلسلے میں انکوائری درج رجسٹر کر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر قنبر بلوچ کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔ دوران انکوائری چیک کے ذریعے 2 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم غیر قانونی طریقے سے نکالے جانے کا انکشاف ہوا ہے، فرانزک رپورٹ سے یہ بات ثابت ہوئی کہ جعلی دستخط سے میونسپل کمیٹی ضلع کوہلو سے دوران سال 2020 تا 2024 غیر قانونی طریقے سے سرکاری رقم نکلوائی جاتی رہی ہے۔ الزامات ثابت ہونے پر ملزمان سابق چیف آفیسر محمد یوسف کیشئر جلال مری، سوئپر بنگڑ خان اور ٹھیکیدار محمد اختر پر مقدمہ دائر کر دیا گیا، حکام کے مطابق ملزم ٹھیکیدارمحمد اختر دیگر ملزمان کو حسب ضابطہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ملزمان نے مزید انکشاف کرتے ہوئے دیگر ملزمان کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے جن کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔ دوران انکوائری 96 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ریکور کی جاچکی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔