کراچی کے صارفین کیلیے بجلی 5.75 روپے فی یونٹ مہنگی

269
more expensive

اسلام آباد:کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 5.75 روپے فی یونٹ کا اضافہ کردیاگیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی جانب سے 5 روپے 75 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی درخواست منظور کرلی۔بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ مئی اور جون 2024ء کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا تھا۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے بجلی صارفین کے لیے قیمت میں 5.75 روپے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مئی کے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ اور جون کے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 16 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین سے اس اضافے کی وصولی اکتوبر اور نومبر کے بلز میں کی جائے گی۔ منظوری کے بعد نیپرا نے اپنا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق اس اضافے کا اطلاق الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (ای وی سی ایس) اور لائف لائن صارفین کے علاوہ تمام صارفین پر ہوگا اور مذکورہ ماہ کے بل میں الگ سے درج کیا جائے گا۔