پاکستان کا بیلسٹک میزائل شاہین۔ 2 کا کامیاب تجربہ

115

راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان نے منگل کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین- 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین ٹو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا لینڈ بیسڈ بیلسٹک میزائل ہے، شاہین ٹو کی رینج 2 ہزار کلومیٹر تک ہے اور یہ میزائل روایتی کے ساتھ غیر روایتی ہتھیار یا نیوکلیئر وارہیڈ بھی لے جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد فوجی دستوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوئوں کی تصدیق اور مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے افسران اور اسٹریٹجک تنظیموں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں سائنسدانوں کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔ صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔