کراچی ( آن لائن ) عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس سے متعلق ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ پاکستان میں منکی پاکس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی میں بھی اس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی گئی۔شہر کے نجی اور سرکاری اسپتالوں سمیت محکمہ صحت سندھ کی جانب سے منکی پاکس سے بچاؤ کے لیے انفیکشن کنٹرول الرٹ اور ایڈوائزریز جاری کردی ہیں، جس میں اس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق منکی پاکس ایک وائرل انفکشن ہے جو جانوروں سے انسانوں یا انسان سے انسان میں ایک میٹر کے فاصلے سے پھیل سکتا ہے۔ بخار، سر اور پٹھوں میں درد، گلے کی خراش اور غدود کی سوجن اس مرض کی ابتدائی علامات میں شامل ہیں۔ پاکستان میں منکی پاکس سے بچاؤ کی فی الوقت ویکسین دستیاب نہیں ہے جبکہ چیچک کی ویکسین منکی پاکس سے کچھ حد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔