وزیراعظم کی اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

278

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اسرار خان کاکڑ نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں باوقار ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی قیادت کے لیے منتخب ہو کر تاریخ رقم کی ہے۔

وزیراعظم نے اسرار کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ ان جیسے نوجوان ٹیلنٹ پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرار خان کا آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونا ان کی استقامت اور غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اسرارخان کاکڑ اور دیگر باصلاحیت پاکستانی نوجوان بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

انہوں نے بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے اسرارخان کے سفر کا بھی اعتراف کیا، انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ اور محنت سے حاصل کی گئی کامیابی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا ذکر کیا جو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اپنے کوٹہ کا 20 فیصد مختص کرتا ہے اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کی دعوت دی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

اسرار خان نے اپنے سمیت پاکستانی نوجوانوں کے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔