کراچی چیمبر ووٹرز کی فہرست رکنیت کلاس کے مطابق فراہم کرے،ڈی جی ٹی او

216

کراچی ( کامرس رپورٹر )وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کو ہدایت کی ہے کہ 2024-26کے انتخابات کے لیے ووٹرز کی فہرست اپنے رکنیت کی کلاس کے مطابق فراہم کرے، جیسا کہ ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز، 2013 کے قاعدہ 18(3) میں درج ہے۔ڈی جی ٹی او نے یہ ہدایت رواں ماہ کے دوران سماعت میں میسرز مظہرانٹرپرائز،میسرز عطا انٹرنیشنل اور جمال ایسوسی ایٹس کی طرف سے کے سی سی آئی کے خلاف دائر شکایات کے بعد جاری کی ہے جس میں کے سی سی آئی کے انتخابی عمل پر کئی مسائل اٹھائے گئے تھے، جو رواں ماہ کے دوران سماعت کے بعد دی گئی۔ اس حکم میں کہا گیا ہے کہ کے سی سی آئی کو عارضی ووٹرز کی فہرست میں قانونی تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں کرنی ہوں گی اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔مذکورہ شکایات کے اہم نکات میںعارضی ووٹرز کی فہرست میں کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ ممبران کی علیحدہ فہرست کی عدم موجودگی،ووٹرز کی نامکمل رابطے کی تفصیلات اورنامزدگی کے کاغذات کے لیے سیکیورٹی ڈپازٹ میں اضافے کا اعلان، جو اب 100,000 روپے ہوگیا ہے،شامل تھے۔ سماعت کے دوران کے سی سی آئی کے وکیل نے تسلیم کیا کہ عارضی ووٹرز کی فہرست میں ووٹرز کو ایسوسی ایٹ اور کارپوریٹ ممبران میں تقسیم نہیں کیا گیا، اور اس کی وجہ سیکیورٹی خدشات اور ممبران کی پرائیویسی کی خواہش تھی۔