وزیراعظم مراد علی شاہ اور عذرا پیچوہو کو ساتھ لے جائیں، بلاول

95
کراچی: پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جناح اسپتال میں نئی سہولیات کے افتتاح کے بعد دعا کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اگلی بار جب وزیراعظم یہاں آئیں تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں گے اور پیشکش کریں گے کہ ہم سے مراد علی شاہ لے جائیں، عذرا پیچوہو لے جائیں اور لاہور میں بھی ایسے ادارے بنائیں، سندھ کے صحت کا ماڈل تمام صوبوں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہیں، صوبہ پنجاب میں ہم ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں جبکہ بلوچستان میں ہم خود کوشش کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں لاہور میں بھی ایسے اسپتال بنیں اور لوگوں کو مفت علاج ملیجو لوگ کہتے ہیں کہ سندھ میں گڈ گورننس نہیں ہے، میگا پروجیکٹس نہیں بنتے ان کیلیے ہمارا عمل ہی سب سے بڑا جواب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح اسپتال میں 120 بستروں کے راشد سورتی ڈیپارٹمنٹ آف سائیکیاٹری اینڈ بہیوریل سائنسز اور 110 بستروں پر مشتمل سیف الاسلام ڈیپارٹمنٹ آف نیورولاجی اینڈ اسٹروک یونٹ اور سائبر نائف کی جدید ترین سہولیات کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت پر 2018 سے جناح اسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اخراجات حکومت سندھ ادا کر رہی ہے۔ اب 41 لاکھ ڈالر کی لاگت سے سائبر نائف کی جدید ترین مشین لے کر دی ہے جس سے آپریشنل صلاحیت میں 4 گنا اضافہ ہوگیا ہے، پرانی مشین پر 90 منٹ میں ایک مریض کا علاج ہوتا تھا وہی علاج نئی مشین پر 25 منٹ میں ہوگا۔