چلاس:دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے مزدوروں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیاہ ے کہ چلاس کے علاقے میں تھور کے مقام پر گاڑی دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے مزدوروں کو لے کر جا رہی تھی کہ گہری کھائی میں گرنے کا حادثہ پیش آ گیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی کو حادثہ تھورمینار کے مقام پر بریک فیل ہو جانے کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں 8 مزدور سوار تھے، جو دیامر بھاشا ڈیم سائٹ پر مزدوری کے لیے جا رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو امدادی اہل کاروں نے آر ایچ کیو اسپتال (چلاس) منتقل کیا۔
زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔