پنجاب میں  سندھ جیسی مفت صحت سہولیات فراہمی کیلیے خدمات دینے کو تیار ہیں، بلاول

232

کراچی:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں بھی سندھ جیسی مفت صحت سہولیات فراہمی کے لیے خدمات دینے کو تیار ہیں۔

جناح اسپتال میں جدید سہولیات سے مزین وارڈز اور سائبر نائف کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے آئندہ دورۂ کراچی میں انہیں یہاں کا جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ بھی دکھائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم لاہور میں بھی اس طرح کے مثالی اسپتال بنانے کو تیار ہیں جہاں لوگوں کو علاج کی مفت سہولیات دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان کے بہترین اور بڑے اسپتال ہیں جو صوبائی حکومت کی گڈگورننس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بارے میں کہتے ہیں کہ یہاں کوئی کام نہیں کیا جاتا یا کوئی میگا پروجیکٹ نہیں ہے، میڈیا بھی منفی خبریں شائع کرتا ہے، تاہم ہم دعووں کے بجائے کام اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عملاً کرکے دکھاتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں سائبر نائف سرجری کی صرف ایک مشین ہے جو جناح اسپتال کراچی میں موجود ہے۔ یہ دنیا میں مہنگا ترین علاج تصور کیا جاتا ہے، جس کی ایک ٹریٹمنٹ پر کم و بیش ایک لاکھ ڈالر کے اخراجات آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن اور صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر تیسری سائبر نائف مشین کو علاج کی مفت سہولت کے لیے  دستیاب کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی این آئی سی ایچ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب کی مدد کے لیے ہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کو بھیجنے کے لیے بھی تیار ہیں، تاکہ لاہور میں بھی کراچی کے اسپتالوں جیسی مفت علاج کی سہولیات ہوں۔