نئی نسل کو تحریک پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا چاہیے،اصغر علی

98

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پیر ا میڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایسوسی ایشن کے آفس سول اسپتال میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں سابق مرکزی سیکرٹری جنرل اصغر علی پٹھان،ایل یو ایچ یونٹ کے صدر رسول بخش راجپر، یونٹ جنرل سیکرٹری عبدالستار ملوکانی، چیئرمین نارائن داس، انفارمیشن سیکرٹری عتیق الرحمن، وقار علی کوریجو، مکیش کمار، احسا ن علی پٹھا ن سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا جبکہ سابق مرکزی سیکرٹری جنرل سندھ پیر ا میڈیکل اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن اصغر علی پٹھان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہما رے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہے گا، ہمیں آزادی کی قدر کرنا چاہیے،ہمیں تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے آئندہ نسلوں کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان مقاصد کی بھی یاد دلاتا ہے جن کے حصول کے لیے مسلمانان برصغیر قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اک طویل اور صبر آزما جدوجہد کرکے ایک آزاد خود مختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں لائے آج پاکستان کے یوم آزادی کے اس اہم موقع پر ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ ہمارا یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لیے سیاسی،اقتصادی اور سماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اُصولوں پرعمل پیرا ہوکر ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، یوم آزادی کے موقع پر طلبا و طالبات،نرسنگ اسٹاف او ر پیرامیڈیکس کو ان لاکھوں قربانیوں کے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے جن کے باعث پاکستان کا خطہ معرض وجود میں آیا، ہمارے بزرگوں کا خون اس وطن عزیز کی بنیادوں میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ مریضوں کی خدمت کر کے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے پیرا میڈیکل اسٹاف پر زور دیا کہ وہ دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ان سے یہی توقع وابستہ کرتے تھے اور ہمیں ان کی توقعات پر پورا اُترنا ہے۔