دنیا پاکستان کے معاملات میں مداخلت سے بازرہے‘ دفترخارجہ

198

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے، افغان حکام کو دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کرنا ہوگی ، اسرائیل کے غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں ،اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دیگر ممالک کو پاکستان کے اندرونی امور پر بیان دینے کی ضرورت نہیں اور غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم نے منکی پاکس پر عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری دیکھی ہے، وزارت قومی صحت ہی ایڈوائزری سے متعلق باقاعدہ ردعمل دے سکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ آصف مرچنٹ کے حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی، آصف مرچنٹ کے معاملے پر پاکستان امریکہ کی جانب سے معلومات فراہم کرنے کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے لوگوں میں اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورتحال پر تشویش میں ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران کو اپنا دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے، اسرائیل کا اس طرح کی کارروائیوں پر احتساب کرنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے فعال سفارتی مشنز موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تیز رفتار رابطے موجود ہیں، پاکستان نے تواتر کے ساتھ فتنہ خوارج اور افغانستان میں دہشتگردگروپوں کے ٹھکانوں کامعاملہ اٹھایا، افغانستان کے ساتھ یہ بات اٹھائی گئی تاکہ پاکستان میں دہشتگردی بند ہو، افغان حکام کو ان دہشتگرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کرنا ہوگی۔ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی و سینیٹ سیکرٹریٹ حکام کے لیے ویزاگائیڈ لائنز میں تبدیلی کی ہے، یہ اقدام ویزا پالیسی کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت میں تابکاری مواد کی غیرقانونی چوری میں ملوث گینگ کی گرفتاری پر ردعمل جاری کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، غزہ میں اب تک 40ہزار معصوم شہریوں کو جاں بحق کیا جاچکا ہے، پاکستان غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے،اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان مقبوضہ وادی میں 4کشمیریوں کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتا ہے، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے زائرین کے انتظامات کے حوالے سے عراقی حکومت سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں، ہم نے منکی پاکس پر عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری دیکھی ہے، وزارت قومی صحت ہی اس حوالے سے باقائدہ ردعمل دے سکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت کونسل کی صدارت کررہا ہے، ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والی حکومتوں کی جانب سے شرکت کی یقین دہانی کا عمل جاری ہے۔