لاہور:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پنجاب کے صدر حماد اظہر سمیت لاہور کی قیادت نے بھی اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا۔
کے روپوش رہنما حماد اظہر نے پارٹی کی صوبائی صدارت چھوڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے میری عمران خان صاحب تک رسائی نہیں ہے، پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہورہا ہوں،بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہاکہ کچھ فیصلے میرٹ کے بجائے لابنگ کی بنیاد پر کیے گئے اور عمران خان کو یکطرفہ معلومات پہنچا کر تصویر کا دوسرا رخ پیش کیا گیا،کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کی لاہور کے صدر چوہدری اصغر کو بدلا جائے، جس میں وہ کامیاب ہوئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر اپنا مقصد آج پورا کرلیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں لابنگ اور مخصوص افراد کی اجارہ داری قائم ہے، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نا ہی کوئی ڈیل کی، میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور میں اڈیالہ نہیں جا سکتا۔
دوسری جانب چوہدری اصغر نے بھی لاہور کی صدارت سے استعفی دیتے ہوئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جہدوجہد کرنے پر میں اپنے کارکنان کا مشکور ہوں، عمران خان کی رہائی کے لیے ہم کوششیں کرتے رہے گے، عمران خان کے باہر آنے کے بعد ہر کسی کا احتساب ہوگا.