امریکا غزہ میں فوجی کارروائی روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے ،چین

211
tantamount to license

نیویارک:اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی جلد سے جلد رکوانے اور عام شہریوں کا قتل عام بند کرانے  کیلئے مخلصانہ اور ذمہ دارانہ اقدامات کرے۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب  نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران غزہ شہر کے الطبین  اسکول پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی جس میں 100 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے۔

فوکونگ نے  کہا کہ فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں اور شہری ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ یہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت سرخ لکیر ہے، ایسے اسکولوں پر حملہ جہاں بڑی تعداد میں شہری پناہ لئے ہوئے ہیں گھناؤنا فعل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام کو فوری اور پائیداد جنگ بندی چاہیے اور یہ بین الاقوامی برادری کا وسیع اتفاق رائے ہے چین غزہ میں لڑائی کے خاتمے، انسانی تباہی کو کم کرنے، دو ریاستی حل پر عمل درآمد اور مشرق وسطی میں طویل مدتی امن، استحکام اور سلامتی کے حصول کے لیے انتھک محنت کرے گا۔