کراچی، یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ، بچہ جاں بحق

122

کراچی(نمائند ہ جسارت)کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر منائے جانے والے جشن کے دوران ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 95 افراد زخمی اور ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔یوم آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ پر پابندی کے باوجود ہر سال اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو جاتے ہیں۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی کے تین بڑے اسپتالوں میں ہوائی فائرنگ کے کل 95 زخمیوں کو لایا گیا۔جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں 33 مرد اور چھ خواتین سمیت 29 زخمیوں کو لایا گیا جس میں ایک 74 سالہ بزرگ اور پانچ سال کا بچہ بھی شامل تھے۔عباسی شہیداسپتال میں 34 زخمیوں کو لایا گیا، جن میں 25 مرد اور 9 خواتین شامل تھیں جن کی عمریں 6 سے 65 سال کے درمیان ہیں۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں 22 زخمیوں کو لایا گیا جن میں 17 مرد اور پانچ خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 55 سال سے 6سال کے درمیان تھیں۔ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ ٹراما سینٹر میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت تشویشناک تھی اور دوران علاج ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔اس سے قبل چھیپا ریسکو سروس کے انفارمیشن بیورو نے زخمیوں کی فہرست جاری کی تھی جس میں زخمی ہونے والوں کی عمریں اور ان کی رہائش معلومات شامل تھیں۔چھیپا ریسکو سروس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یوم آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال، جناح اسپتال اور عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔فہرست کے مطابق فائرنگ کے واقعات 75 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس میں کم از کم 18 نابالغ افراد اور 12 خواتین شامل ہیں۔ہوائی فائرنگ کے یہ واقعات کورنگی، لانڈھی، لیاری، ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ اور گولیمار سمیت مختلف علاقوں میں پیش آئے۔کراچی کے ضلع وسطی میں پولیس نے ہوئی فائرنگ کے الزام میں 14 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ضلع کورنگی کی پولیس نے ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث 5 افراد کو حراست میں لے لیا جن سے مبینہ طور پر تمام مقدمات میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔