حکومت کا وقت ختم ہوچکا ہے، اپنا بوریا بستر باندھ لے،شیخ رشید

117

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے مجھے کہا کہ تم کرائوڈ پلر ہو لوگ بہت آئیں گے جلسہ نہیں ہونے دیں گے،55 سال سے جشن آزادی منارہے ہیں اس سال پابندی لگادی گئی،ڈپٹی کمشنر نے لال حویلی میں جشن آزادی جلسہ اور آتش بازی پر پابندی لگا دی،گزشتہ رات 9 بجے مجھے لال حویلی چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔اپنے پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ پولیس نے لال حویلی کو اپنے گھیرے میں لے لیا تھا۔ ہم صرف لال حویلی کے باہر ملی نغمے ترانے پڑھنا چاہتے تھے۔ لال حویلی کے اطراف اورسامنے 8 ، 10 ہزار لوگ جلسے کے بغیر جمع ہوگئے تھے۔ مجھے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں لیکن میں حق پر کھڑا ہوں جو مرضی کرلیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے میرے بیان کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے۔قانون ہے کہ جہاں کوئی واقعہ ہو وہیں مقدمہ ہوتا ہے۔ میرے خلاف سندھ بھر میں مقدمات درج کرا دیے گئے۔ جشن آزادی کے دن اس اپیل کی مجھ سے تعمیل کرائی گئی ہے۔خوفزدہ نہیں ہوں، ڈٹ کر کھڑا ہوں۔ مجاز متعلقہ ادارے فسطائیت کا نوٹس لیں۔ میرا جرم یہ ہے کہ میں نے ایک شخص اور اس کی بیوی کے خلاف بیان نہیں دیا۔ 40 روز کا چلہ کاٹ لیامگر دوستی پر داغ نہیں لگنے دیاگیا۔میں دوستی قبروں تک نبھاتا ہوں۔ حق اور سچ پر ڈٹا رہوں گا جو مرضی کر لیا جائے۔ حکومت کا وقت ختم ہوچکا ہے، اپنا بوریا بستر باندھ لے۔ حکومت نفرت کی علامت بن چکی ہے، سکیورٹی کے بغیر ملک کے کسی حصے میں نہیں جاسکتے۔ حکمرانوں کی تصویریں قابل نفرت بن چکی ہیں۔عوام کے دلوں میں حکمرانوں کیخلاف شدید نفرت ہے۔ عوام مہنگائی کے ہاتھوں شدید پریشان حال ہیں۔ یہ لوگ عوام کے درمیان جانے سے ڈرتے ہیں ان کو پتہ ہے کہ ان کیخلاف عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔