کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سے پہلی بار کھجور کا شیرا اومان ایکسپورٹ کردیا گیا۔کراچی میں ہونے والی دوسری فوڈ اے جی نمائش میں پاکستانی تازہ پھل،سبزیاں ، جوس اور پلپ کے زبردست سودے ہوئے ہیں۔ نمائش میں فریش فروٹ اور ویلیو ایڈیشن ملا کر 350 ملین ڈالر کے سودے ہوئے ہیں۔پاکستان سے پہلی بار کھجور کا شیرا اومان کو ایکسپورٹ کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں کھجور سیریپ کی زبردست ڈیمانڈ یے اور پاکستان ایکسپورٹر اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستان فروٹ اینڈ ویجٹیبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے)کے سرپرست اعلی وحید احمد نے بتایا کہ پاکستانی ایکسپورٹرز عراق سے کھجوریں امپورٹ کرنے کے بعد اسے ویلیو ایڈیشن کرکے ایکسپورٹ کریں گے جس سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا گلوبل وارمنگ کے باعث موسمی اثرات سے ملک میں کھجور کی فصل متاثر ہوئی ہے ،پاکستانی کھجور جرمنی ،امریکا،ترکی،اسٹریلیا اور دیگر ممالک میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں اور وہ اس میں ویلیو ایڈیشن کرتے ہیں۔ وحید احمد نے کہا کہ مغربی میں ممالک میں کھجور کا سیرپ شہد اور دوسری دیگر انڈسٹری میں استعمال ہوتا ہے۔