حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بھائی خان ویلفیئر کے بانی حاجی محمد یاسین آرائیں نے کہا ہے کہ ایمان، اتحاد اور یقین محکم پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم پاکستان کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلقہ لطیف آباد اور جیلانی محلہ کمیٹی کے اشتراک سے گجراتی پاڑہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے 77 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے، کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔