کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی نظریاتی و فلاحی ریاست بنانے سے ہی ملک اور قوم کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
وطن عزیز پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے حوالے سے ادارہ نور حق سے متصل نیو ایم اے جناح روڈ پر پرچم کشائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہی برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال جدو جہد اور قربانیوں کے باعث اس مملکت خداداد پاکستان کا وجود عمل میں آیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسلامی اصولوں کے مطابق مسلمانوں کو زندگی گزارنے، اسلامی قوانین کو نافذکرنے اور پاکستان کو پوری دنیامیں ایک رول ماڈل بنانے کے لیے علیحدہ خطہ زمین حاصل کیا۔ بدقسمتی سے برسوں سے ملک پر مسلط حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ نے ملک کو اس کے مقصد وجود سے دور رکھا۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ ملک میں تباہی و بربادی اور موجودہ بدترین حالات اسی حکمران ٹولے کے پیدا کردہ ہیں جن میں سول و فوجی آمر حکمران دونوں شامل ہیں۔ ان حالات سے نکلنے کے لیے اس حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرناضروری ہے اور قوم کو مایوسی کے بجائے امید کا پیغام دینے کے لیے متحد ہو کر جدو جہد کرنے کے عزم کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اسے صرف اہل، دیانت دار اور ملک اور قوم کا درد رکھنے والی قیادت کی ضروت ہے۔آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی لازمی یاد رکھیں گے، کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے، آج کی تقریب ہم اہل کشمیر کے نام کرتے ہیں،وہ بھی آج مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں۔
منعم ظفر خان نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ تقریب میں نائب امرا برجیس احمد،مسلم پرویز،راجا عارف سلطان،نوید علی بیگ،سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی،عبدا لرزاق خان،ابن الحسن ہاشمی، قاضی صدرالدین،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے نائب صدور عمران شاہداورشاہد فرمان سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے جب کہ اسکولوں کے بچوں و بچیوں اور مختلف فیملیزنے بھی پرچم کشائی میں شرکت کی۔
منعم ظفر خان نے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، سلامتی و استحکام اور ملک کو اس کے مقصد وجود سے ہمکنار ہونے کے لیے خصوصی دعا کی اور پُر جوش نعرے بھی لگوائے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 77 برس سے مسلط حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کیا اور قوم کو مایوسی اور اندھیروں میں دھکیل دیا۔ ملک میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمارے نوجوان بڑی صلاحیتوں کے مالک ہیں لیکن وہ مایوس ہو کر ملک سے باہر جا رہے ہیں، ہمیں اس ٹیلنٹ کی قدر کرنی ہو گی اور اسے مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کا پیغام دینا ہوگا۔
امیر جماعت نے کہا کہ اگر ہم نے اس ٹیلنٹ کی قدر نہ کی تو یہ ملک صرف طبقہ اشرافیہ کا ہی ملک رہ جائے گا کیونکہ اسی طبقے نے قوم کو تقسیم در تقسیم کر کے آپس میں گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔ ان کی اولادیں تو ملک سے باہر تعلیم حاصل کرتی ہیں لیکن انہوں نے قوم کو جاہل رکھا ہوا ہے، یہ قوم کے بچوں کو آگے نہیں آنے دیتے۔ قوم کو خود متحد ہونا ہو گا اور اس حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ کے گٹھ جوڑ کو توڑنا ہو گا۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک پاکستان میں جس جوش و جذبے کے ساتھ اتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا اسی طرح حکمران ٹولے اور طبقہ اشرافیہ سے نجات کے لیے قوم کو متحدو منظم ہو کر جدو جہد کرنا ہوگی۔ قائد اعظم کی قیادت میں برصغیرکے مسلمانوں نے لازوال قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا، قائد اعظم نے کبھی ذاتی مفاد کو سامنے نہیں رکھا بلکہ ہمیشہ قوم کے مستقبل کا سوچا اور قوم کے لیے ایک خطہ زمین کا حصول یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے کلمے کی بنیاد پر ہی جدو جہد کی اور قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کسی خطہ زمین کا نہیں بلکہ ایک عقیدے اور نظریے کا نام ہے، قائد اعظم بھی اس ہی بنیاد پر مملکت کا حصول چاہتے تھے اور بارہا انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہم ایک ایسا خطہ زمین چاہتے ہیں جہاں مسلمان آزادی سے اپنے ایمان اور عقیدے کے مطابق زندگی گزاریں اوریہ ملک پوری دنیا کے لیے ایک اسلامی رول ماڈل ہو مگر افسوس کہ77سال سے اس نظریے سے روگردانی کی گئی جس کی سزا مل رہی ہے۔