پاکستان کا 78 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

270

اسلام آباد، کراچی: ملک بھر میں آج وطن عزیز کا 78 واں یوم آزادی  ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، گاؤں، دیہات سمیت گلی کوچوں میں ہر جانب سبز ہلالی پرچم کی بہار ہے جب کہ کئی اہم مقامات، عمارتوں اور  تقریبات میں چراغاں اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

شہری 13 اگست کی شام ہی سے قومی پرچم لیے سڑکوں پر نکل آئے اور جشن آزادی کی ریلیاں نکالیں۔  لاہور میں کچھ مقامات پر آتش بازی کی گئی جب کہ کراچی میں بھی بلند اور اہم عمارتوں پر روشنیاں لگا کر جشن آزادی منانے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کراچی میں پورٹ گرینڈ اورگورنرہاؤس میں آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے عوام کی بڑی تعداد موجود ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی گورنر ہاؤس  میں آتش بازی کا اعلان کیا گیا تھا اور عوام کو جشن منانے کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ہر سال 14 اگست قوم کو وہ قربانیاں یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد پاکستان کو معرض وجود میں لانے کے لیے دیں۔ آج دن کا آغاز ارض پاک کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومت میں21  توپوں کی سلامی  دی جائے گی۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ قومی پرچم لہرائیں گے جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوں گی۔ یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔