بلاول کیخلاف بیان، شیخ رشید کیخلاف مقدمہ خارج کرنیکا فیصلہ چیلنج

131

اسلام آباد(آن لائن) عدالت عظمیٰ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے خلاف نازیبا بیان دینے کے معاملے پر سندھ حکومت نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔سندھ حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 25 جون کا فیصلہ خلاف قانون ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے، چیمبر میں سماعت کر کے جج نے اپنا مائنڈ اپلائی نہیں کیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید نے میڈیا کے سامنے بلاول کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر کے پارٹی ورکرز کو اشتعال دلایا،بلاول ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ ہیں ان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک میں صورتحال کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے اور مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، ایک جرم سرزد ہونے کی صورت میں اس کے دوسرے مقام پر اثرات کی بنیاد پر کاروائی ہو سکتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔