اسلام آباد:حکومت نے 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کردی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئی ملکی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ 126 ملکوں کے لیے ویزا فیس ختم کیے جانے کے ساتھ ویزا دینے کا عمل بھی انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت ویزا 90 روز کے لیے جاری کیا جائے گا، جس کے لیے صرف 30 سوالات کے جوابات دینے ہوں گی۔ اسی طرح خلیجی ممالک کے شہری صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئے تو انہیں فوری ویزا جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے لیے پاکستان کے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شان دار تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کا پہلا ڈرون شو منعقد کیا جائے گا جس میں 500 ڈرونز حصہ لیں گے۔یہ غیر سیاسی تقریب ہوگی جس میں صرف قومی پرچم نظر آئے گا۔
سیاحوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔