۔20ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آسکتی ہے،شیخ رشید

22

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگست اور ستمبر کے مہینے بہت بھاری ہوں گے‘ 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ کی حکومت آ سکتی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 31 اگست کا دن بہت اہم ہے، حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے، 31 اگست سے مکمل فعال ہو رہا ہوں، 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ کی حکومت آ سکتی ہے، نئی حکومت کے حوالے سے انٹرویو بھی شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دے گا، شہباز شریف کے پاس کوئی پاور نہیں اور نہ اس کی کوئی سنتا ہے، حکومت کی کارکردگی خاک ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ جیتے ہیں ان کو ایک پلاننگ کے تحت لایا گیا، میرے ووٹ نکالے بھی گئے اور میں ہارا بھی ہوں، میں نے ہار تسلیم کی ہے، جو کچھ ہونے جا رہا ہے وہ بہت غلط ہے، معیشت کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ
آج 2 سال ہوگئے مجھ پر 14 کیسز ہیں، ابھی تک ہمیں چالان نہیں ملے، ہم نے بشریٰ بی بی اور عمران خان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی سے گزارش کرتا ہوں کہ پولیس ہمارے گھروں سے بڑا مال لوٹ کر لے گئی ہے، پولیس نے 10 لاکھ روپے لے کر 9 مئی کے مقدمات میں نام ڈالے‘ میری آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل ہے کہ عام معافی کا اعلان کیا جائے۔