واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی صدارتی مہم کے کچھ اندرونی مواصلات ہیک کیے گئے ہیں، تاہم بغیر کوئی ثبوت فراہم کیے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی ماضی کی دشمنیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس کا الزام ایرانی حکومت پر عاید کردیا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے ایک جوابی ای میل میں کہا کہ ایرانی حکومت کا نہ تو امریکا کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کا کوئی ارادہ ہے اور نہ ہی اس کا کوئی مقصد ہے، ٹرمپ مہم کے الزامات کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسی رپورٹوں پر اعتبار نہیں کرتے۔ جمعے کو مائیکروسافٹ کے نتائج کے جواب میں ایران کے اقوام متحدہ کے مشن نے رائٹرز کو بتایا کہ اس کی سائبر صلاحیتیں دفاعی اور ان خطرات سے متناسب ہیں جو اسے درپیش ہیں اور اس کا سائبر حملے شروع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایک اخبار میں شائع رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریپبلکن کی انتخابی مہم کا بیان اس کے فوراً بعد سامنے آیا ہے جب نیوز ویب سائٹ پولیٹیکو نے رپورٹ کیا کہ انہیں جولائی سے گمنام ذرائع سے ڈونلد ٹرمپ کے آپریشن سے متعلق مستند دستاویزات پیش کرنے والی کچھ ای میلز موصول ہوئی ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دستاویزات غیر قانونی طور پر امریکا کے مخالف غیر ملکی ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں، جن کا مقصد 2024ء کے انتخابات میں مداخلت کرنا اور ہمارے جمہوری عمل میں افراتفری پھیلانا ہے۔ ہفتے کے آخر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹروتھ سوشل ایپ پر پوسٹ کی کہ مائیکروسافٹ نے ابھی مہم کو آگاہ کیا ہے کہ ایران نے ان کی ایک ویب سائٹ ہیک کر لی ہے، انہوں نے ایران پر الزام لگاتے ہوئے مزید کہا کہ وہ صرف عوامی طور پر دستیاب معلومات حاصل کرنے کے قابل ہیں۔