لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو تحویل میں لے لیا گیا، کورٹ مارشل کا عمل شروع

243
A high-level committee

راولپنڈی:آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فوج نے تحویل میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے احکامات پر ٹاپ سٹی مقدمے میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے پاک فوج نے  مکمل اور تفصیلی تحقیقات کیں، جس کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت مناسب تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض ریٹائرمنٹ کے بعد کئی مواقع پر پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں، جس پر ان کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں انہیں فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اسی طرح سے پہلے بھی کئی سینئر افسران کو آرمی رولز اور کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جا چکی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی گئی ہے  جو اسی اندرونی احتسابی سلسلے کی کڑی ہے۔