نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں،مریم نواز

191

لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں۔

نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، یوتھ کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ فرض ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نوجوانوں کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے مواقع دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیوز کے تحت نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد پروگرام جاری ہیں، نوجوان طلبہ کی آسانی کیلئے ای اور پٹرول بائیکس کا دوسرا فیز جلد لائیں گے، نوجوانوں کو بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی سکلز ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو پھر لیپ ٹاپ سکیم دے رہی ہے، جلد نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے وظائف دیئے جائیں گے، انشا اللہ کسی نوجوان کی تعلیم میں فیس کی کمی آڑے نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلئے بے حد اہم ہیں، یقین ہے کہ ہمارے نوجوان محنت اور لگن سے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ قوم بنائیں گے، ارشد ندیم نوجوانوں کیلئے محنت سے کامیابی کے حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اپنے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، انہوں نے ہی اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہے، نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر اور پٹرول بم کے بجائے لیپ ٹاپ، کتابیں اور اعلی ڈگریاں دیکھنا چاہتی ہوں۔