لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے کیے گئے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں‘ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں‘ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5% کوٹا مختص کیا ہے‘ اقلیتی برادریوں کے طلبہ کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت/ دیکھ بھال کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کے لیے بے مثال خدمات ہیں‘ قائداعظم نے کہا تھا پاکستان میں سب کو آئین اور قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہوں گے‘ یوم آزادی کی آمد آمد ہے اور اس کے ساتھ ہم اقلیتوں کا دن بھی منا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں علمائے کرام اور عوام پر زور دیتا ہوں کہ وہ مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان رواداری، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ کا زمانہ ہو یا امن کا، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا، ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کے لیے بے مثال خدمات ہیں‘ کون نہیں جانتا سیسل چودھری کی کیا خدمات تھیں، جسٹس بھگوان داس اور جسٹس کارنیلیئس کی خدمات کو کون نہیں جانتا، لوگ آج بھی گنگا رام اسپتال سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اپنی اقلیتوں کو گلے سے لگانا چاہیے، یقین دلاتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث ہماری آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، مظلوم فلسطینیوں پر آگ برس رہی ہے اور دنیا خاموش ہے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم کے خلاف صرف الفاظ سے کام لے رہی ہے، تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی مثال نہیں ملتی۔