اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک ) پاکستان نے غزہ کے التابین اسکول پر اسرائیل کی فوج کے حملے کی مذمت کی ہے جہاں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے التابین اسکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکول پر حملہ ہولناک، غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شہری آبادیوں اور سہولیات کونشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرم ہے، اسرائیل کو ان جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی کے لیے جواب دہ ہونا چاہیے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے بیان میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسرائیل کے حامی غزہ میں فسلطینیوں کی نسل کشی روکنے اور غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔