پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے‘ گورنر پختونخوا

39

پشاور (مانیٹر نگ ڈ یسک )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا قومی دن ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی اور سماجی و اقتصادی حقوق اجاگر کرتا ہے، جب کہ ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے
پی پی) کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہائوس پشاور میں اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے قومی دن پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی جد وجہد سے لے کر آج تک پاکستانی اقلیتوں نے ملک کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کیا ہے، غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کی بطور پاکستان شہری ملک و قوم کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا یقین دلاتا ہوں، ہم سب نے بحیثیت پاکستانی اتحاد سے ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا ہے۔گورنر کے پی نے کہا کہ پختون صوبے میں امن کو دوبارہ لانا ہے جس طرح ماضی میں اس سرزمین پر 8 مختلف مذاہب کے لوگ آزادی سے اپنی عبادت کرتے تھے، سندھ اور پنجاب کی حکومتوں سے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظات کی بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر اقلیتیں براہ راست اپنے نمائندے منتخب کرنے کا مطالبہ کرتی ہیں تو آئینی ترمیم کے بارے میں درخواست دیں، اس درخواست کو قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے اقلیتی اراکین کے زریعے جمع کرایا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتوں کے چرچ، مندر ، گوردوارے، شمشان گھاٹ اور دیگر مسائل کے حوالے سے اسلام آباد میں بات کی ہے، صوبے کے سافٹ امیج اور امن کا گہوارا بنانا میرا مشن ہے۔