کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف راولپنڈی میں دھرنے کے 14ویں دن حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری و معاہدے پر دستخط کرنے اور کامیاب دھرنے کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بھی یوم تشکر بنایا گیا ،کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیںاور ایک دوسرے کو مبارکباد اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جدوجہد جاری رہے گی،شہریوں کی جانب سے جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیا ۔علاوہ ازیں ادارہ نورحق سمیت شہر بھرمیں متعدد مقامات پر بڑی بڑی ایس ایم ڈی اسکرینوں پر اسلام آباد ہائی وے پر ہونے والے جماعت اسلامی کے عظیم الشان جلسے کی کارروائی اور امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا خطاب براہ راست نشر کیا گیا ۔جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حافظ نعیم الرحمن کا خطاب سنا۔دریں اثنا امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے راولپنڈی وگورنر ہاؤس کراچی میں دھرنوں کی کامیابی اور کارکنوں کی استقامت ،نظم وضبط اور جوش اور جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے حکومت سے عوام کے مطالبات منظور کرالیے ہیں ،حکومتی وزرا نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں ، حکومت پابند ہے کہ 45دن کے اندر اندر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور عوام کو ریلیف دے گی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دھرنے مؤخر کیے ہیں ختم نہیں کیے ،ہم حکومت کا تعاقب کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو اور حق دو کراچی کو تحریک مزید تیز کی جائے گی ،کراچی کے عوام بجلی ، پانی سڑکوں کی خستہ حالی ،ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی ،صفائی ستھرائی اور تعلیم وصحت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، سندھ حکومت کے ایم سی ،واٹر کارپوریشن اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نااہلی و کرپشن کے باعث شہریوں کے مسائل حل نہیں ہورہے ،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے اور مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔