ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ کا جشن آزادی بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی خواجہ نے کہا ہے کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے آزادی کے حصول کے لیے انتھک جدو جہد اور لازوال قربانیاں دیں، جس کے بعد 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان آزاد ملک کی حیثیت سے نروار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم زندہ قوم اور آزاد ملک میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق دربار ہال مکلی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی مرکزی تقریب پولیس لائن گراؤنڈ مکلی میں ہو گی۔ تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان قومی پرچم لہرانے کے بعد کریں گے، جبکہ پولیس کے جوانوں کی جانب سے پریڈ کرتے ہوئے سلامی بھی پیش کی جائے گی۔ بعد ازاں مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان ٹیبلوز، تقریری مقابلوں اور اسپورٹس و دیگر مختلف ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی تمام سرکاری عمارتوں پر پاکستانی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ چراغاں بھی کیا جائے گا۔