کراچی (پ ر)سفارت خانہ پاکستان کابل میں یوم استحقاق کشمیر منایا گیا۔ تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن سفیر عبید الرحمان نظامانی نے جموں و کشمیر کے عوام کی 77 سالہ طویل جدوجہد میں بھارت کے غیر قانونی اور ظالمانہ قبضے سے آزادی کے لیے دی گئی بے پناہ قربانیوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کشمیری قیادت بالخصوص شہید سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جو کشمیریوں کی استقامت کے نشان ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر اپنے قبضے اور جبر کو معمول پر لانے کی اجازت نہ دے۔ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ سفیر نظامانی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی ذرائع سے حمایت کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔