کراچی میں شدید بارش  برسانے والا مون سون کمزور پڑ گیا

168

کراچی:شہر قائد میں شدید بارش برسانے والا مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون کے تحت 7 اگست تک شدید بارش کی پیش گوئی کی تھی تھی، تاہم مختلف اوقات میں اسپیلز برسنے  کے بعد شہر میں شدید بارش کی وجہ بننے والا مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا، جس کے بعد ماہرین نے آئندہ تین روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بوندا باندی اور پھوار  برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

منگل کے روز کراچی کا درجہ حرارت پیر کے مقابلے میں 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم (30.2) ریکارڈ ہوا  اور اس دوران شہر میں نمی کا تناسب 78 فی صد رہا۔ دن بھر شہر کا مطلع مکمل ابرآلود رہا اور سمندری ہوائیں چلتی رہیں، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت محسوس نہیں ہوئی اور موسم معتدل رہا جب کہ شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوئے۔

منگل کے روز شہر کے بیشتر مقامات پر بادل چھائے رہے تاہم محمود آباد، ڈیفنس، معمار، کلفٹن، بفرزون، صدر، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں پھوار اور بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کمزورمون سون ہوائیں خلیج بنگال اوربحیرہ عرب سے سندھ کا رخ کررہی ہیں،آئندہ 3 روز کےدوران کراچی کا مطلع ابرآلود اور  ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔