شیخ مجیب کا خاندان دوسری مرتبہ اپنے ہی عوام کے ہاتھوں ذلیل ہوا، لیاقت بلوچ

324

لاہور:نائب  امیر جماعت اسلامی اور صدر قائمہ کمیٹی برائے سیاسی و قومی امورلیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن کا خاندان دوسری  مرتبہ اپنےہی عوام کے ہاتھوں ذلیل ہوا ہے۔

راولپنڈی میں لیاقت باغ چوک  پر دھرنے کے شرکاسے خطاب اورمیڈیا چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد نے خونی جنونی ہندوانہ آمرانہ جمہوریت قائم کی، جس کے ردعمل میں شیخ مجیب الرحمٰن خاندان دوسری مرتبہ اپنے ہی عوام کے ہاتھوں ذلیل و خوار ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے حسینہ واجد کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا اور عوام پر ظلم کی کھلی چھوٹ دی اور اِسی بھارتی سرپرستی کی وجہ سے بنگلا دیش میں حسینہ واجد کے خلاف نفرت عروج پر پہنچی اور بنگلا دیشی عوام نے جان لیا کہ بھارت اُن کا دوست نہیں ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بنگلا دیش کے عوام نے 1962ء میں فاطمہ جناح، 1970ء میں شیخ مجیب الرحمن کے ساتھ جمہوریت اور عوامی فلاح کے لیے ساتھ دیا لیکن سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بنگالیوں کے ارمانوں کا خون کیا۔ شیخ مجیب الرحمن اور شیخ حسینہ واجد نے اقتدار میں آکر جمہوریت اور عوامی فلاح کے بجائے آمرانہ روِش کو اپنایا اور دونوں عوام کے انتقام کا نشانہ بن گئے۔

نائب امیر جماعت کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے عوام خصوصاً طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے دُنیا بھر میں آمریت اور غیرآئینی روِش کے حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کی نئی تاریخ مرتب کی۔ بنگلا دیش، پاکستان، سری لنکا، نیپال اور بھوٹان جیسے ممالک کو فوری طور پر بھارتی بالادستی سے آزاد سفارتی، تجارتی، علم و ٹیکنالوجی کے تعلقات مضبوط کرنے کی طرف قدم بڑھایا جائے۔ جنوبی ایشیا میں ہندوتوا، بھارتی دہشت گردی سے آزاد سفارتی، سیاسی، معاشی تعلقات کا نادر موقع ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دھرنے کے مطالبات 25 کروڑ عوام کے دُکھ درد کے ترجمان ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف ضِد، ہٹ دھرمی چھوڑیں، مطالبات تسلیم کرکے عوام کو ریلیف دیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کردیا کہ دھرنا اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کرے گا، اِس کی ذمے دار حکومت کی ضِد ہے۔