کوٹری : یوم استحصال کشمیرکے موقع پر بھارت کیخلاف ریلیاں

89

کوٹری (نمائندہ جسارت) ملک بھر میں یوم استحصال کشمیرکے موقع پر بھارت کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیاگیا۔اس حوالے سے کوٹری میں ڈپٹی کمشنر جامشورو ریاض حسین وسان کی قیادت میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوٹری سے اللہ والا چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔اس ریلی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امام الدین کوسو،چیف آفیسر ضلع کونسل ڈاکٹر کیلاش کمار،ڈی او سکینڈری کریم بخش سومرو ،ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرمحمد عرس خاصخیلی،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری جامشورو ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال ،چیف میونسپل آفیسر کوٹری اعجاز احمد خاصخیلی،ہیڈ ماسٹر نیاز احمد ڈاوچ،ڈی ایچ کیو تعلقہ اسپتال کوٹری کے ایم ایس ڈاکٹر برکت علی لغاری سمیت سیاسی وسماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے یو م استحصال ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35 اے اور 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بھارت کا حصہ قرار دے دیا تھااور ان سے تمام تر بنیادی سہولیات چھین لی تاکہ کشمیریوں کی آواز دبائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر اتنا ہی جمہوری ہے تو فوری کشمیر میں رائے شماری کا اعلان کرے، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے لیکن ہم بھارت کے ان ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔