بیجنگ (اے پی پی) چین نے مسئلہ کشمیر پر اپنے مستقل اور واضح موقف کا اعادہ کرتے ہوئے سفارتی ذرائع سے دیرینہ تنازع کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیرکے روز کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف مستقل اور واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا چھوڑا ہوا تنازع ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ بھارتی کارروائیوں خاص طور پر گزشتہ 5 سال میں متنازع علاقے کی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کے بارے میں صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی ترجمان نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ اقدامات کرنے سے گریز کریں جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے۔