سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح ضلع سکھر میں بھی پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست کو پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر- ٹو سکھر بشریٰ منصور، میونسپل کارپوریشن، تعلیم، صحت، پولیس، سیپکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی سندھ حکومت کے ترجمان/ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ اور کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی ہوں گے، تقریب میں ڈی ائی جی سکھر پیر محمد شاہ اور ایس ایس پی سکھر بھی شرکت کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کا پروگرام ایک قومی کاز ہے جس میں اسکول، کالج کے طلبا، طالبات، سوئٹ ہوم کے بچوں اور عملے کے علاوہ ضلع کے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے ملازمین کی شرکت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی مختلف سڑکوں کے علاوہ بالخصوص بندر روڈ کو جھنڈیوں اور رنگ برنگے بینرز سے سجایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل گراؤنڈ میں استقبالیہ ایریا پر سیکڑوں کی تعداد میں بیجز موجود رکھے جائیں اور تقریب شرکت کرنے والے ہر اک فرد کو بیج دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سیپکو حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ 14 اگست کو لوڈ شیڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو سول اسپتال سکھر، ایس آئی یو ٹی، چلڈرن اسپتال اور این آئی سی وی ڈی سکھر کے مریضوں میں مٹھائی تقسیم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر راجا ایم بی دھاریجو نے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ وہ تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنانے اور آپس میں بروقت رابطے کیلیے تمام ضلعی اعلیٰ عہدیداروں کو شامل کرنے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بھی بنائیں۔ یوم آزادی کے مرکزی پروگرام کے بارے میں ڈپٹی کمشنر سکھر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبا کے درمیان تقریری، قومی ملی نغمے اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، 14 اگست کی رات کو تمام سرکاری عمارتوں کو چراغاں کیا جائے گا اور شہر کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔