مائی کراچی سافٹ امیج اجاگر کرنے کیلیے اہم ہے، جاوید اختر اوڈھو

321
مائی کر اچی نمائش میں مختلف تقریبات میں زبیر موتی والا، امارات کے قونصیلیٹ کے سربراہ اور کے سی سی آئی کے صدر افتخار شیخ نمایاں نظر آرہے ہیں

کراچی (کامرس رپورٹر)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جاوید اختر اوڈھو نے مائی کراچی نمائش کے دورے کے موقع پر کراچی چیمبر کی جانب سے نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس طرح کی تمام تقریبات کے لیے تاجر برادری سے بھرپور تعاون اور حمایت کی پیشکش کی ہے جو کہ کراچی کے سافٹ اور مثبت امیج کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کی آمد پر چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا، صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر باری، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش محمد ادریس و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ایڈیشنل جاوید اختر اوڈھو نے کہا کہ محکمہ پولیس کی بھرپور کوششوں کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کے نتیجے میں اس شہر کی رونقیں کافی حد تک بحال ہوئی ہیں۔اگرچہ کراچی کو اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن محکمہ پولیس ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ کسی طرح حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے کے سی سی آئی، سہیل یونیورسٹی اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے زیر اہتمام سسٹین ایبل ٹیک گرین انٹرپرینیورشپ کلائمیٹ ٹیک اینڈ ایکو فرینڈلی انوویشنز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گرین انرجی کو فروغ دینے پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو ہمارے سیارے کو گلوبل وارمنگ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے جس نے پاکستان اور دنیا بھر کے کئی ممالک کو غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کی صورت میں بری طرح متاثر کیا ہے۔حکومت کو کراچی میں گھریلو اور صنعتی گندے پانی کو ٹریٹ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ایفلیوئنٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنی چاہیے جس سے نہ صرف پانی کی صنعتی ضروریات پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ ہماری ساحلی پٹی کو مزید آلودہ ہونے سے بھی بچایا جاسکے گا۔بغیر ٹریٹمنٹ پانی کو سمندر میں پھینکنا جرم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص حکومت کو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اپنی آنے والی نسلوں کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہو گا ورنہ آنے والے دنوں میں حالات مزید خراب ہوتے جائیں گے۔تاجر برادری مکمل تعاون کے لیے تیار ہے کیونکہ انسانیت کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ایکسپو سینٹر میں جاری 19 ویں مائی کراچی نمائش کے دوسرے دن ہزاروں افراد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایکسپو سینٹر میں آتے رہے تاکہ 300 سے زائد نمائش کنندگان کی جانب سے رعایتی نرخوں پر پیش کی جانے والی مصنوعات اور خدمات کا مشاہدہ کیا جاسکے۔زائرین سفارتکاروں اور غیر ملکی وفد کے ارکان نے کراچی چیمبر کی پوری ٹیم اور نمائش کنندگان کی جانب سے اس شاندار تقریب کا شاندار انعقاد کرکے کراچی کے مثبت امیج کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین بی ایم جی بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے انتظامات اور عوام کی جانب سے ملنے والے ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے سی سی آئی کے تینوں عہدیداروں اور منیجنگ کمیٹی اراکین کی کوششوں کی بدولت کئی مشکلات کے باوجود نمائش کو مثالی انداز میں منعقد کیا گیا ہے۔