خیرپور اور گھوٹکی میں ریسکیو 1122 سیٹلائٹ اسٹیشنز کا جلد آغاز کر دینگے، کمشنر سکھر

120

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے اندر خیرپور اور گھوٹکی میں ریسکیو 1122 سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کر دیا جائے گا، توسیع سے ادارے کی رسپانس صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور ہنگامی حالات میں بروقت امداد کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ یہ بات انہوں نے ریسکیو 1122 سکھر اسٹیشن کے دورے کے موقع پر مون سون کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ حکومت کا اہم اقدام ہے اور فی الحال ڈویژن میں سکھر اسٹیشن کام کر رہا ہے، جس کی اضافی ذمہ داری میں خیرپور اور گھوٹکی کے اضلاع بھی شامل ہیں، تاہم آنے والے ایک ماہ کے اندر خیرپور اور گھوٹکی میں ریسکیو 1122 سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کر دیا جائے گا، جس سے ریسکیو سروس کی موجودگی مضبوط ہو گی، جو کمیونٹیز کو فوری اور موثر ایمرجنسی رسپانس سروسز فراہم کرے گی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ ان نئے سیٹلائٹ اسٹیشنز کے لیے عملے کی بھرتی کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا اور منتخب عملہ اس وقت زیر تربیت ہے۔ انہوں نے ریسکیو سروس انچارج سکھر کو مون سون میں ہائی الرٹ رہنے، 3 شفٹوں میں عملہ تعینات کرنے اور مون سون کے دوران 24/4 دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔