نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)ویتنام کے وزیراعظم فام مِن چِن نے نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے سیکورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ویتنام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ان کے مشترکہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی، سائبر سیکورٹی اور میری ٹائم سیکورٹی سمیت کئی شعبوں میں دفاعی اور سلامتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔رہنماؤں نے بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے، جہاز رانی اور اس کے اوپر پروازوں کی آزادی کو یقینی بنانے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پانیوں میں خودمختاری کے دعویداروں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو تنازعات میں اضافے کا سبب بنیں۔دریں اثنا، ویتنامی صدر ٹو لام نے جمعرات کو ہنوئی میں ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو جان لی کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے خطے کے ساتھ گہرے اقتصادی تعلقات پر زور دیا۔ویتنام کے قائدین اپنے اعلیٰ رہنما نگْوئین پھْو ٹرونگ کی موت کے بعد بھی کثیر جہتی سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔