بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا نویں روز بھی جاری

234

 راولپنڈی : لیاقت باغ میں بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا نویں روز میں داخل ہوگیا۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کا بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج نویں روز بھی جاری ہے جب کہ اس دوران ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی وجہ سے دھرنے کے شرکا کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

جماعت اسلامی کے دھرنے کے آغاز سے اب تک حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دو اوار بھی ہو چکے ہیں، جس میں تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

 احتجاجی دھرنے میں شریک کارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید ہے جب کہ خواتین و تاجر بھی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دھرنے کا باقاعدہ حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے قطر سے ویڈیو لنک کے ذریعے راولپنڈی کے لیاقت باغ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرار کا راستہ اختیار کرنے سے کچھ نہیں ہوگا ، ڈی چوک چھوٹی بات ہے ہم تو پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہفتے سے کراچی میں بھی دھرنا شروع ہوگا، حکومت آئی پی پیز سے متعلق کوئی سنجیدہ فیصلہ نہیں کر رہی ، بجلی کے بل سیاست نہیں ہیں بلکہ یہ عوامی مسئلہ ہے،عوام سے بھی کہہ سکتے ہیں کہ احتجاجاً اپنا بجلی کا بل ادا نہ کریں۔