کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرائیل کے غاصبانہ قبضے سے انبیاء کی سرزمین فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد اور اہل فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ جمعہ کوشہر بھر کی سیکڑوں مساجد میں ادا کی گئی جبکہ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بعد نماز جمعہ جامع مسجدرضوان، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کی ۔علاوہ ازیں شہر بھر میں ادا کی جانے والی غائبانہ نماز جنازہ امرا اضلاع ومقامی ذمے داران کی امات میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اسماعیل ہنیہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہل غزہ و فلسطین سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔منعم ظفر خان نے غائبانہ نماز جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسماعیل ہنیہ شہید کی پوری زندگی تحریک،مزاحمت ،جذبہ جہاد اور صبر و استقامت کا درس دیتی ہے ، اسرائیل اور اس کے سرپرست سمجھتے ہیں کہ فلسطین کی تحریک آزادی کو ختم کردیں گے تو یہ ان کی بھول ہے اس تحریک میں ایک فرد کو شہید کیا جاتا ہے تو ہزاروں افراد شہادت کے لیے تیار ہوجاتے ہیں ۔گزشتہ 10ماہ سے خواتین و بچوں سمیت 40ہزار سے زائد فلسطینیوں نے قبلہ اوّل بیت المقدس کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ، اسرائیل نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے ،جذبہ آزادی اور شوق شہادت سے سرشار ، اہل غزہ و فلسطین اور حماس کے مجاہدین استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں نے فلسطین کے حوالے سے اپنا فرض ادا نہیں کیا۔اگر ترکی ، مصر اورعرب ممالک سمیت امت مسلمہ کے تمام ممالک اہل غزہ و فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں تو اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کی اتنی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ فلسطین کی جانب میلی آنکھ سے دیکھ سکیں ۔مسلم دنیا 2ارب سے زائد آبادی پر مشتمل ہے ،58مسلم ممالک کی بہترین افواج ہر طرح کے سازو سامان سے لیس ہیں لیکن ایمان کی چنگاری موجود نہیں ہے ،ہم فلسطین کی تحریک مزاحمت میں اہل غزہ و فلسطین کی پشت پرکھڑے رہیں گے ، چوکوں ،چوراہوں ،سڑکوں اورگلیوں و بازاروں میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کو زندہ رکھیں گے ،فلسطین کا بچہ بچہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کررہا ہے ، وہ دن دور نہیں کہ جب فتح اسلام کا مقدر بنے گی ،فلسطین کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اورفلسطین ضرور آزاد ہوگا۔منعم ظفر خان نے حق دوعوام کو تحریک اور کراچی میں دھرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہر میں لوڈشیڈنگ،مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر آج سے دھرنے کا آغاز ہوگا ،دھرنے کے شرکا امرا اضلاع کی قیادت میں شام 5بجے جامع مسجد خضرا صدر پہنچیں گے اور گورنر ہاؤس تک پیدل مارچ کیا جائے گا۔گورنر ہائوس پر دھرنا راولپنڈی دھرنے کا تسلسل اور اس سے اظہار یکجہتی کے لیے دیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز،ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں، آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس واپس لیے جائیں، جاگیرداروں اور طبقہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے فرانزک آڈٹ کیا جائے۔ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی فراہم کی جائے۔