کراچی (کامرس رپورٹر) زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 123 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 91 ملین ڈالر خرچ ہوئے جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 123 فیصد زیادہ ہے۔مالی سال 2023 میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات کا حجم 41 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ جون 2024 میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 10 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 150 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سا ل جون میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 4 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ مئی کے مقابلے میں جون میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر24 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔مئی میں زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات کاحجم 13 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو جون میں کم ہو کر 10 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال 2024میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 8.501 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا۔