کراچی ( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جوہر قندھاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر کے بجلی صارفین کو جولائی اور اگست کے بلوں کی ادائیگی میں 10 دن کی توسیع کے خوش آئند فیصلے پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کراچی کو محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن میں کے الیکٹرک کو شامل نہیں کیا گیا جو کراچی میں بجلی کی تقسیم کیلئے ذمہ دار ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ اس اقدام سے کراچی جو پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور انڈسٹریل حب ہے، جہاں 2.5 کروڑ سے زائد آبادی اور کے الیکٹرک کے 30 لاکھ سے زائد صارفین وزیر اعظم کے اس فیصلے سے مستفید نہ ہو سکیں گے جس پر سخت تحفظات ہیں۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں بشمول کراچی کے اوور بلنگ کی تصدیق کی گئی، جس کے نتیجے میں وزیر اعظم نے عوام کیلئے بلوں کی تاخیر سے ادائیگی کا اعلان کیا جس میں کراچی کے صارفین کو نظر انداز کر دیا گیا۔ صدر کاٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوٹیفکیشن میں فوری طور پر کے الیکٹرک کا نام شامل کرکے کراچی کے عوام اور صنعتی صارفین کو بھی یہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی صارفین آئی پی پیز کی جانب سے غیر منصفانہ بجلی کے ٹیرف اور کیپسٹی چارجز کی اضافی ادائیگی بمشکل کر پا رہے ہیں ایسے میں ڈسکوز کی جانب سے بھی اوور بلنگ کرنا عوام پر دہرا ظلم ہے۔