بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا آٹھویں روز بھی جاری

260

راولپنڈی : لیاقت باغ میں بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا آٹھویں روز میں داخل ہوگیا۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کا بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج آٹھویں روز بھی جاری ہے،  احتجاجی دھرنے میں شریک کارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید ہے، شرکا نے صبح نماز فجر باجماعت ادا کی اور جمعہ کی صبح بھی معمول کی طرح شرکا کے لیے ناشتہ کا اہتمام کیا گیا ۔

 پولیس کی بھاری نفری بھی دھرنے کے اطراف اور ملحقہ علاقوں میں تعینات ہے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دو اوار بھی ہو چکے ہیں، جس میں تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن قطر پہنچ گئے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کو نوازا گیا، حکومت آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پرعوام کو دھوکا دے رہی ہے، دھرنا اور احتجاج بھی پاکستان کی سیاست کا حصہ ہے، ایجنڈا ذاتی نہیں عوامی ہے۔ دھرنے کی کامیابی سے گھر گھر ریلیف پہنچے گا، ملازمین پنشنر امید سے ہیں کہ ان پر ڈالےگئے بوجھ میں کمی ہوگی، ملک  میں طویل عرصہ سے تحریکیں چلتی آرہی ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ناقص منصوبوں پر نظر ثانی کی جائے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے مطالبات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی ہے، لیاقت باغ سے ڈی چوک تک جانے کیلئے کمیٹی چوک، فیض آباد، زیرو پوائنٹ بھی آتا ہے، حکومت نے ریلیف نہ دیا تو گھاٹے میں رہے گی۔ حکومت نے مذاکرات کے لیے خود رابطہ کیا خود یہاں آکر مذاکرات کی پیشکش کی، امیر جماعت نے دھرنے میں ہی مذاکرات کی دعوت قبول کی اور کمیٹی بنا دی، مذاکرات کے دو راؤنڈ کیے گئے اور مکمل تیاری سے معروضات اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔