اسلام آباد ہائی کورٹ کا شبلی فراز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

158
nightmare

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شبلی فراز کی بیرون ملک جانے پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت کی، شبلی فراز اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار کے دوران سماعت موقف اپنایا کہ شبلی فراز پر 4 ایف آئی آرز ہیں اور وہ سب میں ضمانت پر ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اب کیا گراونڈ ہے؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ جو عدالت حکم کرے گی ہم عمل کریں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے۔

بعد ازاں عدالت نے ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر ڈی جی پاسپورٹ اور ڈی جی ایف آئی اے کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔