پاراچنار کی صورت حال پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ

157

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاراچنار پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے جس میں مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہکسی بھی انسان کا قتل ناقابل برداشت ہے، پاکستان اپنے شہریوں کی تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے ذمے دار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی خطرناک جارحیت سے خطے کا امن خطرے میں ہے،حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اسماعیل ہانیہ کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، اسماعیل کو شہید کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اسرائیل کے نئے ایڈوینچر ازم سے جنگ مزید پھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے پیر کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، 5 اگست 2019 ء کو بھارت نے جموں و کشمیر کا اسٹیٹس یک طرفہ و غیر قانونی طور پر تبدیل کیا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹس آئی ہیں، جن سے ہماری بات کی تصدیق ہوئی جو ہم عرصے سے کہہ رہے ہیں، ٹی ٹی پی کو افغانستان کے اندر سے سپورٹ ملتی ہے، اس کے نئے لوگوں کی افغانستان میں تربیت ہورہی ہے، افغانستان پر زور دیتے ہیں کہ دہشت گرد گروپس کے خلاف کارروائی کرے۔