لاہور: پاکستان مینز انڈر 19 کرکٹ ٹیم 13 سے 26 نومبر تک 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز میں افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔
ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے ہوگا، یہ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ کے ساتھ کھیلا جائے گا اور ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
یہ سیریز اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2024 تک کھیلی جائے گی اور یہ تینوں فریقوں کو مقابلے کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گی، جس کی تفصیلات کا اعلان ACC وقت پر کرے گا۔
اکتوبر میں شروع ہونے والے پی سی بی نیشنل انڈر 19 کپ (ون ڈے) اور چیمپئن شپ (تین روزہ) کے ساتھ، یہ ایونٹس ابھرتے ہوئے اور باصلاحیت کرکٹرز کے لیے اچھا پلیٹ فارم اور مواقع ثابت ہوں گے تاکہ وہ مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور سلیکٹرز کو متاثر کر سکیں ۔
“ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان مینز انڈر 19 ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ سے عین قبل متحدہ عرب امارات میں ایک انتہائی مسابقتی انڈر 19 سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور پروان چڑھانے کا بہترین موقع ہوگا۔
پی سی بی اس سہ فریقی سیریز کا اہتمام کرنے پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہے جو دونوں بورڈز کے درمیان مضبوط باہمی روابط اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے ہماری مشترکہ عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔