بلاول زرداری کا بارشوں کے دوران اموات پراظہارافسوس

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے خیبر پختونخوا میں بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرین کی فوری و بلاامتیاز مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے صورتحال خراب ہے۔ انہوںنے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ ، کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر ، سوات اور صوابی کے اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بارش کے دوران کوہاٹ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت شبقدر اور دیگر علاقوں میں ہونے والے جانی نقصان پر اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بارش کے دوران حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بارش سے ہونے والے نقصان کا سروے کرائے اورمتاثرین کومعاوضہ اداکرے۔