لاہور: سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینا مسلمان حکمرانوں پر فرض ہوگیا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران میں حملے میں شہادت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ پرحملہ پوری امت پر حملہ ہے۔ مسلمان حکمرانوں پر فرض ہے کہ اسرائیل کو موثر اور منہ توڑ جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے مسلمان ملکوں کی امن فوج روانہ کی جائے۔ اسرائیل کی دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کیا جائے۔
سرا ج الحق کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے تحریک مزاحمت مزید طاقتور ہو گی۔ اسماعیل ہنیہ کو ذاتی طور پر جانتا تھا، ان سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے خود بتایا کہ میں کسی بھی وقت شہید ہو سکتا ہوں۔ اس لیے انھوں نے اپنی حیات ہی میں اپنے بعد کی قیادت تیار کر لی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی کامیابی عالم اسلام کی کامیابی ہے اور گریٹر اسرائیل کا راستہ روکنا مسلمان حکمرانوں کا مشترکہ فرض ہے۔