چین کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیا،وزیرپیداوار رانا تنویر

162

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ نے پاور چائنا کے تعاون سے ‘پاکستان اور چین کی خصوصی اقتصادی زونز کی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا’ کے عنوان سے اہم رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کا مقصد اسپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیڈز)کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک فریم ورک فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں اہم اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین نے شرکت کی جنہوں نے اس اقدام کی اہمیت اور پاکستان کے معاشی منظرنامے پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں اپنی آراء کا تبادلہ کیا۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے چین کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیا۔انہوں نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے اور صنعت کاری کو فروغ دینے میں خصوصی اقتصادی زونز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی صنعتوں کی منتقلی پاکستان کے لئے اہم موقع ہے، حکومت چینی کاروباری اداروں کو راغب کرنے، ان کے آپریشنز کے لئے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے اور شین ڑن کو ایس ای زیڈ کی ترقی کے لئے معیار کے طور پر اپنانے کے لئے مزید مراعات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند خصوصی اقتصادی زونز پہلے ہی فعال ہیں ، انہوں نے اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں ایکسپورٹ زونز کی اہمیت پر زور دیا۔